بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

امریکی ناظم الامور کی پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات کی تعریف

 پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے آج وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلوے کے جاری منصوبوں، اصلاحاتی اقدامات اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور کو پاکستان ریلوے کے اسٹریٹیجک منصوبوں اور علاقائی روابط بڑھانے میں اس کے کلیدی کردار پر بریفنگ دی گئی۔

دونوں فریقین نے ریلوے کے شعبے میں شراکت داری، سرمایہ کاری کے امکانات اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے میں جدید ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے، صفائی کے مؤثر انتظامات، فضلہ مینجمنٹ کمپنیوں سے معاہدے، ایگزیکٹو لاؤنجز، جدید ویٹنگ ایریاز، ایسکلیٹرز اور جدید مانیٹرنگ سسٹمز جیسے اقدامات تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے 40 بڑے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے نہ صرف ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کریں گے بلکہ ہزاروں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریلوے کے شعبے میں پاک-امریکہ شراکت داری دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

اس موقع پر امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے پاکستان ریلوے کی اسٹریٹیجک اہمیت اور جاری اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے کامیاب منصوبے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت دیں گے بلکہ خطے میں روابط کو مزید مستحکم کریں گے۔

انہوں نے پاکستان ریلوے کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

اشتہار
Back to top button