بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے قابلِ عمل منصوبے تیار کرنے کی ہدایت

 وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے تمام اہم شعبوں میں قابلِ عمل اور مؤثر منصوبے تیار کیے جائیں تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جاری اقتصادی اور مالیاتی اصلاحاتی پالیسیوں نے معیشت کو نئی سمت دی ہے، اور جدت و شفافیت کے باعث پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، سیاحت اور قابلِ تجدید توانائی جیسے شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتے ہیں، جنہیں بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تجارت کے فروغ کو قومی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے وزارتوں کو ہدایت دی کہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کیا جائے اور دیے گئے اہداف پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ترقی کے لیے ایک مربوط روڈمیپ اور مستقبل کی سمت واضح کرنے والا ایجنڈا ترتیب دیا جائے تاکہ منظم انداز میں قومی اہداف کے حصول کی جانب پیش قدمی ممکن ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ نجی شعبہ اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور حکومت نجی شعبے کی مکمل شمولیت کو یقینی بنائے گی۔

اشتہار
Back to top button