
تیسرا ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا
پاکستان ویمنز نے جنوبی افریقہ ویمنز کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔اس میچ کی خاص بات نشرہ سندھو کی کریئر بیسٹ چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔ان کے علاوہ سدرہ امین نے سیریز میں شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کی۔
تین میچوں کی یہ سیریز جنوبی افریقہ نے دو ایک سے اپنے نام کی ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں پیر کو کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کا ٹاس جنوبی افریقہ ویمنز نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن لیفٹ آرم سپنر نشرہ سندھو کی شاندار بولنگ کے سبب وہ 25 اعشاریہ 5 اوورز میں صرف 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان ویمنز نے جواب میں 31 اوورز میں مطلوبہ اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
جنوبی افریقہ کی اننگز میں کپتان لارا وولوارٹ 6 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں۔
نشرہ سندھو نے 9 اوورز میں صرف26 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں جو ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی بہترین انفرادی بولنگ بھی ہے۔ اس سے قبل ان کی بہترین انفرادی بولنگ 26 رنز کے عوض4 وکٹیں 2017 میں بھارت کے خلاف ڈربی میں تھی۔
یہ ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں کسی بھی پاکستانی بولر کی دوسری بہترین کارکردگی بھی ہے۔ یہ ریکارڈ ساجدہ شاہ کا ہے جنہوں نے 2003 میں جاپان کے خلاف 4 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نشرہ سندھو نے اپنے75 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں 100 وکٹیں بھی مکمل کرلیں ۔ وہ ثنا میر اور ندا ڈار کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والی تیسری پاکستانی بولر ہیں۔
نشرہ سندھو کے علاوہ سیدہ عروب شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ عمیمہ سہیل اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز میں عمیمہ سہیل صفر پر آؤٹ ہوئیں جس کے بعد منیبہ علی اور سدرہ امین نے 65 رنز کی شراکت قائم کی۔
منیبہ علی 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر نادین ڈی کلیرک کی گیند پر آؤٹ ہوئیں جنہوں نے اسی اوور میں کپتان فاطمہ ثنا کو بھی صفر پر آؤٹ کردیا۔
سدرہ امین اور نتالیہ پرویز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 38 رنز کا اضافہ کیا۔ نتالیہ پرویز14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
سدرہ امین نے 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں۔
اس سیریز میں انہوں نے دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے293 رنز بنائے۔
اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والی ایمان فاطمہ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔