بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا 14واں اجلاس پاک چین اقتصادی تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرے گا: احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال چین کے دارالحکومت بیجنگ روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) پر منعقد ہونے والی مشترکہ تعاون کمیٹی (JCC) کے 14ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ اہم اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوگا۔

روانگی سے قبل جاری کردہ اپنے بیان میں احسن اقبال نے اس اجلاس کی تزویراتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے مستقبل کی سمت متعین کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ JCC کا یہ اجلاس سی پیک کے دوسرے مرحلے کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا، جس کا محور صنعتی تعاون، تکنیکی جدت اور پائیدار ترقی ہوگا۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان اب اقتصادی ترقی اور قومی خوشحالی کے ایک نئے سفر پر گامزن ہے، اور حالیہ مہینوں میں معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان میں سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کا سبب بنے گا، جو ملک کے معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔

اشتہار
Back to top button