
این ڈی ایم اے کی فلسطینی عوام کے لیے 23ویں امدادی کھیپ روانہ
وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطینی عوام کے لیے 23ویں انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی کھیپ روانہ کر دی ہے۔ یہ امدادی سامان خصوصی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے بھیجا گیا۔
امدادی سامان میں آٹے، چاول، خوردنی تیل، چنے، تیار کھانے اور ڈبہ بند پھلوں پر مشتمل راشن بیگز شامل ہیں، جن کا مجموعی وزن 100 ٹن ہے۔ اب تک پاکستان کی جانب سے فلسطین کے لیے 2,227 ٹن امداد پر مشتمل 23 کھیپیں روانہ کی جا چکی ہیں۔
تقریب روانگی کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان تھے، جبکہ اس موقع پر حکومتی نمائندگان، این ڈی ایم اے کے افسران اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے این ڈی ایم اے اور دیگر فلاحی اداروں کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کے نہتے مسلمان، خصوصاً معصوم بچے، روزانہ اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے شہری آبادی پر حملے بین الاقوامی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی دہشت گردی کا سخت نوٹس لے، اور تمام اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کی اجتماعی حمایت کے لیے آگے بڑھیں۔