
پاکستان اور یونیسکو کا پانی اور ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
وفاقی وزیر آبی وسائل محمد معین وٹو کی یونیسکو کے پاکستان میں نمائندے فؤاد پاشایوف سے ملاقات ہوئی، جس میں سیلاب سے نمٹنے، پانی کی مؤثر حکمرانی، اور پائیدار آبی وسائل کے انتظام کے شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقین نے پانی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور سیلاب سے تحفظ کے لیے قریبی رابطہ اور اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (PCRWR) اور یونیسکو کے درمیان قریبی اشتراک عمل کے ذریعے سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ملک میں آبی تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اس موقع پر روایتی کاریز نظام کے تحفظ، بارش کے پانی کو زرعی مقاصد کے لیے ری سائیکل کرنے کے لیے مصنوعی جھیلیں بنانے جیسے اہم نکات پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات کو دو طرفہ تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔