بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

اسحاق ڈار کا پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنیکل اینڈ وکیشنل ایجوکیشن میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور

نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنیکل اینڈ وکیشنل ایجوکیشن (TVET) کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

انہوں نے یہ بات چین کے شہر تیانجن میں واقع "لوبان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) ایگزیبیشن ہال” کے دورے کے دوران اتوار کے روز کہی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ فنی تعلیم میں یہ دوطرفہ تعاون نہ صرف پاکستان کے انسانی وسائل کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا، بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو بھی مزید وسعت دے گا۔

دورے کے دوران نائب وزیرِ اعظم کو لوبان ورکشاپس کی کارکردگی، پاکستان کے ساتھ ان کے جاری تعاون اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے چینی میزبانوں سے ملاقات کے دوران "لوبان فریم ورک” کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے اور نئی و ابھرتی ہوئی صنعتوں میں فنی تعلیم کو وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

نائب وزیرِ اعظم نے اس موقع پر لوبان انیشی ایٹو کے تحت تربیت حاصل کرنے والے پاکستانی طلبا سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے طلبا سے ان کے تجربات اور مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو جدید صنعتی تقاضوں کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ لوبان ورکشاپس، جو کہ تیانجن کی بلدیاتی حکومت کے تحت قائم کی گئی ہیں، دنیا بھر میں اعلیٰ معیار کی فنی تعلیم کے فروغ کا ایک ماڈل بن چکی ہیں۔

اشتہار
Back to top button