
وزیر اعظم کی جاپانی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جاپانی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وہ آج (بدھ) اسلام آباد میں جاپان کے بین الاقوامی تعاون کے بینک کے مائننگ اور میٹل فائنانس کے شعبے کے ڈائریکٹر جنرل تارو کاٹو سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ سفارتی اور معاشی تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں جاپانی ٹیکنالوجی کی جدت اور پیشہ ورانہ مہارت سے خاطر خواہ استفادہ کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بڑے معاشی اور ترقیاتی منصوبوں میں عالمی مالیاتی ادارے اورغیرملکی سرمایہ کار اپنی بھرپور دلچسپی اور تعاون کا اظہارکر رہے ہیں۔انہوں نے پاکستان کو سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔