
غزہ کے لیے پاکستان کی امدادی کھیپ مصر پہنچ گئی
غزہ کے لیے پاکستان کی امدادی کھیپ، ایک سو ٹن امدادی سامان لے کر مصر کے العریش بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی ہے۔یہ کھیپ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے روانہ کی تھی۔
قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکاروں نے امدادی کھیپ وصول کی اور اسے غزہ کے اندر فلسطینی شہریوں کو آگے بھیجنے کے لیے مصری ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کر دیا۔پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے غزہ کے رہائشیوں کو فراہم کی جانے والی مجموعی انسانی امداد اب تک ایک ہزار نو سو پندرہ ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ مزید کھیپیں اپنے راستے میں ہیں اور آنے والے دنوں میں غزہ کے اندر فلسطینیوں تک پہنچائی جائیں گی۔پاکستان کی حکومت اور عوام الخدمت فاؤنڈیشن کے انتہائی قابل ستائش تعاون کے ساتھ اپنے فلسطینی بھائیوں کو انتہائی ضروری انسانی امداد فراہم کرتے رہیں گے۔