
وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام: 100 الیکٹرک بسیں چین سے پاکستان روانگی کیلئے تیار
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے کے عوام کیلئے ایک انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت چین سے 100 جدید الیکٹرک بسیں آج رات تک پاکستان کیلئے روانہ ہو جائیں گی۔ یہ اقدام پنجاب کے پسماندہ اور نظر انداز اضلاع میں عوام کو سستی، آرام دہ اور باعزت سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ چین کے شہر یانٹائی کی بندرگاہ پر ان بسوں کو لوڈ کیا جا رہا ہے، جو آج رات پاکستان کیلئے روانہ ہو جائیں گی۔
یہ بسیں میانوالی، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ، وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان جیسے اضلاع میں چلائی جائیں گی، جہاں اس سے پہلے کوئی منظم پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم موجود نہیں تھا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ ان بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے تاکہ ہر شہری، بالخصوص کم آمدنی والے افراد، اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ جدید سہولیات سے آراستہ ان ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں وائی فائی، خودکار ٹکٹنگ سسٹم اور خصوصی افراد کے لیے ریمپ و قابلِ رسائی ڈیزائن شامل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرے گا بلکہ ماحولیاتی بہتری کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے، کیونکہ یہ بسیں ماحول دوست ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔
یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کا حصہ ہے، جس کے تحت پنجاب کو جدید، باوقار اور سب کیلئے قابلِ رسائی ٹرانسپورٹ نظام دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔