
قومی
ریلوے کے ٹکٹ پر سب سے زیادہ رعایت صحافیوں کو دی جاتی ہے، وزیر ریلوے
وزیرریلوے کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ طلبہ اور معذور افراد کو ریلوے ٹکٹ میں 50 فیصد تک رعایت دی جاتی ہے جب کہ غیرملکی سیاحوں کو 25 فیصد اور کھلاڑیوں کو 40 فیصد رعایت ملتی ہے۔وزیر ریلوے کی تفصیلات کے مطابق بینائی سے محروم شہریوں کو 50 سے 65 فیصد رعایت دی جاتی ہے جب کہ صحافیوں کو 80 فیصد اور بزرگ شہریوں کو 25 سے 50 فیصد رعایت دی جاتی ہے۔
جواب میں بتایا گیا ہے کہ بچوں کے لیے ٹکٹ پر پاکستان ریلوے میں 50 فیصد رعایت دی جاتی ہے جب کہ ریلوے ملازمین اور افسران کا ریلوے میں سفر مفت ہے۔وزیر ریلوے کے جواب کے مطابق سال 25-2024 میں رعایتوں کی مد میں پاکستان ریلوے کو ایک ارب 15 کروڑ روپے ادا کرنا پڑے۔