
پاکستان کا بی ایل اے، مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیمیں قرار دینے کے امریکی اقدام کا خیر مقدم
پاکستان نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کے طور پر نامزد کرنے کے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور مجید بریگیڈ کو بھی بی ایل اے میں ایک عرف کے طور پر شامل کیا ہے۔آج اسلام آباد میں وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مجید بریگیڈ کو 18 جولائی 2024 سے دہشت گرد تنظیم کے طور پر ممنوع قرار دے رکھا ہے۔ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث ہیں، جن میں جعفر ایکسپریس دہشت گردی کا گھناؤنا واقعہ اور خضدار بس حملہ بھی شامل ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ثابت قدم ہے۔ ہماری قربانیوں نے نہ صرف ملک بلکہ علاقائی استحکام اور عالمی سلامتی کے لیے انسداد دہشت گردی میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔پاکستان بھی اپنے شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں ختم کرنے کے اپنے عزم میں اٹل ہے۔ اس مشترکہ چیلنج پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔