
وزیراعظم کی قلعہ سیف اللہ کے ہونہار طالبعلم اکرام اللہ سے ملاقات
بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم اکرام اللہ کاکڑ نے اتوار کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے راولپنڈی بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر اکرام اللہ کاکڑ کو سراہا۔ شہباز شریف نے ان کی محنت اور نمایاں کامیابی کو سراہا۔اکرام اللہ کاکڑ نے اس سے قبل 2022 میں سیلاب سے متاثرہ قلعہ سیف اللہ کے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، جہاں ان کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا اور ایک ریلیف کیمپ میں مقیم تھا۔
ملاقات کے دوران اکرام اللہ کاکڑ نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے اپنی خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اکرام اللہ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کی تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔
شہباز شریف نے اکرام اللہ کاکڑ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو مزید آگے بڑھائیں اور زندگی میں زیادہ سے زیادہ کامیابی حاصل کریں۔اکرام اللہ کاکڑ نے معروف لارنس کالج مری میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ زندگی میں مزید کامیابی حاصل کرنے کے لیے سخت محنت جاری رکھیں گے۔