
غیر ملکی سیاح پاکستانیوں کی مہمان نوازی ، سکیورٹی انتظامات اور پولیس سے خوش
گزشتہ رات شاہراہِ قراقرم پر سائیکلوں پر سفر کرنے والے غیر ملکی سیاح جب کوہستان لوئر کی انٹری چیک پوسٹ "چکئی” پر پہنچے تو اندھیرا اور ناوقتی کے پیش نظر سیکیورٹی خدشات کے باعث مقامی پولیس نے انہیں آگے سفر کرنے سے روک دیا۔
تھانہ دوبیر کے ایس ایچ او اور چکئی چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں نے سیاحوں کے لیے رات کے قیام کا محفوظ انتظام کیا اور مکمل سیکیورٹی فراہم کی، تاکہ وہ پُرسکون انداز میں قیام کر سکیں۔
پولیس کی جانب سے مہمان نوازی اور تحفظ کے اس اقدام پر غیر ملکی سیاحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا:
"ہم نے رات یہاں قیام کیا، اور پاکستان پولیس نے ہماری بہت مدد کی۔ ہم یہاں خود کو بہت محفوظ اور خوش آمدید محسوس کر رہے ہیں۔ پاکستان ایک پُرامن اور خوبصورت ملک ہے۔”
صبح کے وقت ان سیاحوں کو مکمل سیکیورٹی کے ساتھ کوہستان لوئر کی حدود سے خنجراب کی طرف روانہ کر دیا گیا۔
غیر ملکی سیاحوں کے چہرے پر خوشی اور اطمینان کے تاثرات اور ان کے الفاظ پاکستان کی اصل خوبصورتی اور مہمان نوازی کی حقیقی تصویر پیش کرتے ہیں۔ یہ واقعہ اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف پُرامن اور محفوظ ملک ہے، بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ایک دوستانہ اور خوش آمدیدی ماحول فراہم کرتا ہے۔
ضلعی پولیس کوہستان لوئر نے اس مثبت مثال سے نہ صرف پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ ہمارا ملک عالمی سیاحت کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہے۔