بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

محمد نواز کا خراب کارکردگی پر فاسٹ باؤلر حسن علی کا دفاع

ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں سنسنی خیز شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اسپننگ آل راؤنڈر محمد نواز نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہمیشہ ٹیم کیلئے تینوں شعبوں—بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ—میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ہوتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

محمد نواز نے کہا، "بطور اسپننگ آل راؤنڈر میری ذمہ داری ہے کہ میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ٹیم کے لیے مؤثر رہوں۔ میری تیاری ہمیشہ ٹیم کی ضروریات کے مطابق ہوتی ہے، چاہے وہ بیٹنگ ہو، بولنگ ہو یا فیلڈنگ۔”

پاکستانی اننگز پر بات کرتے ہوئے محمد نواز نے نوجوان بلے باز حسن نواز اور کپتان سلمان علی آغا کی تعریف کی جنہوں نے مشکل حالات میں اہم شراکت قائم کی۔ "جس صورتحال میں ہم تھے، حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کی۔ ایسے مشکل حالات میں ان کی اور سلمان علی آغا کی شراکت بہت اہم تھی۔ سلمان نے اسپنرز کو بہت اچھے انداز میں کھیلا۔ دونوں نے اننگز کو سنبھالا، لیکن بدقسمتی سے ہم اختتام اچھا نہیں کر سکے۔”

اپنی ذاتی کارکردگی سے متعلق سوال پر نواز کا کہنا تھا کہ ابھی تک بیٹنگ میں اس طرح کی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا لیکن میں ہر وقت تیار رہتا ہوں۔ بیٹنگ ہو یا بولنگ، میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو فائدہ پہنچاؤں۔”

پچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد نواز نے بتایا کہ وکٹ سست تھی، جس سے اسپنرز کو کافی مدد ملی۔ "یہ ضروری نہیں کہ صرف فاسٹ بولرز ہی وکٹیں لیں، ایسی پچز پر اسپنرز کو بھی بھرپور مدد ملتی ہے۔”

انہوں نے فاسٹ بولر حسن علی کا بھی دفاع کیا جن کا یہ میچ اچھا نہیں رہا۔ "یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ہے، یہاں کسی کا بھی دن برا ہو سکتا ہے۔ آج حسن علی کا دن نہیں تھا، لیکن مجموعی طور پر ہماری بولنگ یونٹ نے اچھی کارکردگی دکھائی۔”

نواز کا کہنا تھا کہ ٹیم 15 سے 20 رنز کم بنا سکی، اور اس پچ پر 150-160 کا اسکور مناسب ہوتا۔ "ہم ہدف سے کچھ پیچھے رہ گئے، لیکن ہماری بولنگ اور فیلڈنگ نے بہت اچھی فائٹ کی، جو قابلِ تعریف ہے۔”

گفتگو کے اختتام پر محمد نواز نے پر امید انداز میں کہا، "یہ ایک فائٹنگ میچ تھا۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ میچز میں خاص طور پر فاسٹ بولرز اچھی کارکردگی دکھائیں، اور انشاء اللہ وہ ہمیں جتوانے میں کردار ادا کریں گے۔”

اشتہار
Back to top button