
پاکستان اور چین کی دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے، احسن اقبال
پاکستان اور چین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس عزم کا اظہار وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔احسن اقبال نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن میں تعمیری کردار ادا کرنے پر چین کی قیادت کی بھی تعریف کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کا ترقیاتی ماڈل پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے۔نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے چین کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔