
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دوسری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دیدی
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی، میزبان ٹیم نے آخری گیند پر چوکا لگاکر ہدف حاصل کیا، 3 میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچز کی سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج صبح پاکستانی وقت کے مطابق 5 بجے فلوریڈا میں شروع ہوا۔پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا۔
لاڈرہل فلوریڈا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز اچھا نہیں رہا، صائم ایوب 7 ، صاحب زادہ فرحان 3 اور محمد حارث 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان نے 20 ، سلمان آغا نے 38 اور حسن نواز نے 40 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں لیں۔جواب میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو اسپن کے جال میں پھنسایا لیکن فاسٹ باؤلرز نے رنز دے دیے۔ویسٹ انڈیز کو آخری 2 اوورز میں 24 رنز درکار تھے، 19 ویں اوور میں حسن علی کو 16 رنز پڑگئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے آخری اوور میں 8 رنز بچانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن آخری گیند پر انہیں چوکا پڑگیا، اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2 وکٹوں سے جیت گئی۔ویسٹ انڈیز کے گوڈا کیش موٹی 28 رنز بناکر نمایاں رہے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں لیں، پاکستان کے محمد نواز نے 3، صائم ایوب نے 2اور صفیان مقیم نے ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دی تھی، صائم ایوب آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار پائے تھے، پاکستان کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری مل گئی تھی۔لاڈرہل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، صاحبزادہ فرحان 14 رنز بناکر آوٹ ہوگئے تھے، جس کے بعد صائم ایوب نے ذمے داری سنبھالی اور 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔فخر زمان 28 اور حسن نواز 24 رنز بناکر نمایاں رہے تھے، پاکستان نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔