بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان، بنگلہ دیش سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ کے لیے ویزا فری انٹری  دینے پر متفق

پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ کے لیے ویزا فری انٹری دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ معاہدہ آج ڈھاکہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جہانگیر عالم چودھری کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں طے پایا۔فریقین نے داخلی سلامتی اور پولیس کی تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کی پولیس اکیڈمیوں کے درمیان انسداد دہشت گردی کے مشترکہ اقدامات اور تبادلہ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں بنگلہ دیش کی وزارت داخلہ پہنچنے پر جہانگیر عالم چودھری نے محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاکستان کے وزیر داخلہ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر جہانگیر عالم چودھری نے پاکستان کے وزیر داخلہ کے دورہ کو اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے بنگلہ دیشی حکام کو پولیس ٹریننگ کی پیشکش کرنے پر محسن نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے سیکریٹری داخلہ خرم آغا کی سربراہی میں مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔بنگلہ دیش کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد ہی سیف سٹی پروجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے کے لیے اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔

اشتہار
Back to top button