
وزیراعظم کا سیف سٹی، کیپٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج اسلام آباد سیف سٹی اور کیپیٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیراعظم کو اس کے مختلف سیکشنز کے کام کے بارے میں بریفنگ دی۔آئی جی پولیس نے کہا کہ ‘پولیس اسٹیشن آن وہیلز’ کے آغاز کے تحت پولیس فورس وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء سمیت مختلف آن لائن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جرائم پر قابو پانے اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور اے آئی سے چلنے والے سافٹ ویئر کی مدد سے اعصابی مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بعض سہولیات جیسے ٹیکسی کی تصدیق، خواتین کے ہیلپ کاؤنٹر، ایف آئی آر کے اندراج، گاڑیوں کے لائسنس اور دیگر کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے وہاں کام کرنے والے عملے سے بات چیت کی اور ان کے کام کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعظم نے ان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔