
سعودی نیول چیف میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کے معترف
رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمان الغریبی نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کے دوران کیا۔فریقین نے دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔نیول چیف نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اپنے ریمارکس میں رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ نے پاکستان نیول اکیڈمی میں رائل سعودی نیول فورسز کے کیڈٹس کو معیاری تربیت دینے پر پاک بحریہ کی تعریف کی۔دونوں اطراف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کے تمام پہلوؤں کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔رائل سعودی نیول فورسز کے چیف آف دی نیول اسٹاف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔قبل ازیں نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔