
پاکستانی کیوئسٹس کی شاندار فتوحات، عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں مخالفین چاروں شانے چت
آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز، انڈر 17، انڈر 21 اور مین 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ 2025 میں پاکستانی کیوئسٹس نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ بحرین کے دارالحکومت منامہ میں جاری ایونٹ کے دوران آج 6 ریڈ کیٹیگری کے اہم مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے متعدد فتوحات حاصل کیں۔محمد حسنین نے مصر کے محمد عبدالقادر کو یکطرفہ مقابلے میں 0-4 سے شکست دی۔میچ کا سکور یہ رہا(70(70)-0, 45-11, 57(35)-7, 48-2)
احسن رمضان نے دو الگ الگ میچز میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے عمان کے سمیع الحمراشدی کو 0-4 سے اور بعد ازاں میزبان بحرین کے عبداللہ محمد کو بھی 0-4 سے زیر کیا۔میچ کا سکور یہ رہا(60(30)-1, 39-16, 48-9, 50(50)-11)
(39-14, 41(41)-0, 42-31, 38-4)
پاکستان کے تجربہ کار کیوئسٹ محمد آصف نے آئرلینڈ کے جے چوپڑا کو انتہائی شاندار انداز میں 0-4 سے ہرایا، جہاں دو فریمز میں انہوں نے کلین سویپ کیا۔(66(66)-0, 75(75)-0, 54(33)-8, 48(32)-12)
البتہ ایک میچ میں ہانگ کانگ کے چاؤ ہون مَن نے سخت مقابلے کے بعد پاکستان کے حسنین اختر کو 2-4 سے ہرایا۔(41-9, 38-16, 0-69(69), 39-33, 0-67(67), 30-29)
پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ شاندار فتوحات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک میں اسنوکر کا ٹیلنٹ عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا رہا ہے۔ شائقین کو آئندہ میچز میں بھی پاکستانی کیوئسٹس سے کامیابیوں کی بھرپور امید ہے۔