
ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 54 افراد جاں بحق
ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 افراد جاں بحق ہوگئے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 227 افراد زخمی بھی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ 26 جون سے اب تک مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 178 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 85 بچے بھی شامل ہیں جبکہ اس دوران 491 افراد زخمی ہوئے۔خبررساں ایجنسی کے مطابق اکثر ہلاکتیں مکانات گرنے، سیلاب اور کرنٹ لگنے کے باعث ہوئیں۔
دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ہے، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں کل رات سے اب تک 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب میں دفعہ 144 کے تحت ڈیموں، دریاؤں، تالابوں، جھیلوں میں تیراکی پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں یا عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر بھی پابندی عائد ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں، جھیلوں میں بلااجازت کشتی چلانے پر بھی پابندی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندیوں کا اطلاق 30 اگست تک ہوگا۔