بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاک فضائیہ کا دستہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو میں شرکت کیلئے برطانیہ پہنچ گیا

 جے ایف 17 اور سی 130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کا دستہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو میں شرکت کیلئے برطانیہ پہنچ گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جے ایف 17 بلاک 3 طیاروں کی برطانیہ میں پرواز کے دوران فضائی ایندھن کی فراہمی کا مظاہرہ پیش کیا گیا، پاک فضائیہ کے ایئر ٹینکر کی مدد سے دوران پرواز لڑاکا طیاروں کو ایندھن فراہم کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوران پرواز ایندھن بھرنے کے اس پیچیدہ آپریشن نے پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک مؤثر آپریشنل صلاحیتوں اور اپنے فضائی و زمینی عملے کی ملکی سرحدوں سے پار وسیع پیمانے پر آپریشنز کی انجام دہی کی صلاحیت کا جامع ثبوت دیا۔

حالیہ پاک بھارت جنگ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد برطانیہ میں ہوابازی کے شائقین اور دفاعی مبصرین پاکستان ایئر فورس کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی آمد کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے۔

رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو کی اس سال کی تھیم کے پیش نظر سی ون تھرٹی طیاروں کو ایک خصوصی لوریری سے مزین کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایئرشو میں پاکستان کی شاندار نمائندگی اعزاز ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جے ایف-17 تھنڈر بلاک 13 ریڈار اور لانگ رینج بی-وی-آر میزائلوں سے لیس 4.5 جنریشن کا ایسا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو عصر حاضر کے دفاعی چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ملکی فضائی برتری کو تقویت دینے اور مختلف اقسام کے عسکری مشنز کامیابی سے سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جے ایف-17 تھنڈر کی ثابت شدہ عسکری صلاحیتوں اور آپریشنل فوقیت نے عالمی سطح پر نمایاں توجہ حاصل کی ہے۔رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں اور تخلیقی انداز میں پینٹ کئے گئے سی-130 ہرکولیس کی شرکت کا مقصد ہوا بازی کے شعبے میں مشترکہ تجربات سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں شرکت سے پاک فضائیہ عالمی امن اور سلامتی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو تکنیکی طور پر ایک ترقی یافتہ فضائی قوت کے طور پر اجاگر کرے گی۔

اشتہار
Back to top button