
راولپنڈی میں بارش کے بعد ہنگامی صورتحال، ڈائریکٹر آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نالہ لئی پہنچ گئیں
راولپنڈی میں مسلسل اور وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں اب تک 230 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اس صورتحال کے پیشِ نظر ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آرڈی اے) کنزہ مرتضی نے گوالمنڈی پل کا دورہ کیا اور نالہ لئی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آرڈی اے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
ڈی جی آرڈی اے کنزہ مرتضی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور نالہ لئی یا کسی بھی کھلے پانی کے قریب نہ جائیں۔ انہوں نے والدین کو خاص طور پر خبردار کیا کہ وہ بچوں کو بارشی پانی کے قریب نہ جانے دیں کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
آرڈی اے کی جانب سے شہریوں کے لیے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر آرڈی اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جائے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے جس کے باعث متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔