
راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث آج عام تعطیل کا اعلان
موسمیاتی حالات کے پیش نظر ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن چیمہ نے موسمیاتی حالات کے پیش نظر ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کے اعلان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں۔
راولپنڈی میں مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور اندرون شہر کئی علاقے زیر آب آگئے جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی پیدا ہو گئی ہے۔دریائے سواں سے بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، بارش کے باعث ٹریفک بری طرح متاثر ہے، مساجد میں اعلانات کیے جا رہے ہیں لوگ گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو کر گوالمنڈی پل پر 23 فٹ جبکہ کٹاریاں میں 22 فٹ بلند ہے۔نشیبی علاقوں میں گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ ریسکیو، واسا اور سول ڈیفنس سمیت تمام ادارے ہائی الرٹ ہو گئے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔