بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند، سائرن بجا دیئے گئے

پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، راولپنڈی میں 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجادیے گئے، پاک فوج نالہ لئی کی صورتحال کا جائزہ لینے گوالمنڈی پل پہنچ گئی،چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ہونے سے 423 ملی میٹر بارش برس گئی، پی ڈی ایم اے نے آج بھی پنجاب بھر میں بارش کی پیشگوئی کردی۔

 اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ 15 گھنٹوں سے بارش جاری ہے، راولپنڈی میں اب تک 230 ملی میٹربارش ریکاڈ کی جاچکی ہے، چکلالہ کے مقام پر 188 ملی میٹر، بوکرا 160 اور گولڑا میں 150 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے، سڑکوں اور گلیوں میں سیلابی منظر پیش کرنے لگا۔

اسلام آباد ائیرپورٹ 110 ملی میٹر اور گولڑہ میں 100 ملی میٹر، زیرپوائنٹ پر84، سید پور میں 82، کچہری کے مقام پر 133، پیرودھائی 102 ملی میٹر اور کٹاریاں 92 میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

راولپنڈی میں مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی نیو کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 17 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 18 فٹ تک پہنچ گئی، نالہ لئی میں پانی کا خطرناک حد لیول 20 فٹ ہے، نالہ لئی میں صرف 2 فٹ پانی کی گنجائش باقی ہے۔

نالہ لئی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجادیے گئے ہیں جبکہ پاک فوج نالہ لئی کی صورتحال کا جائزہ لینے گوالمنڈی پل پہنچ گئی، نالہ لئی کے اطراف کی مساجد سے اعلانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے نالہ کی صفائی نہ ہونے پر بارشی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، بحریہ ٹاون فیز8 میں نالے کا پانی سڑکوں پرآگیا۔

شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔

اشتہار
Back to top button