
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام آپریشنز 31 جولائی تک بند کردیئے جائینگے
وزیراعظم کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش اور نجکاری کی نگرانی کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے تمام آپریشنز رواں ماہ کی 31 تاریخ تک بند کردیئے جائیں گے۔کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
کمیٹی کو ایک ہموار اور شفاف بندش کے عمل کو یقینی بنانے، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے ایک مناسب رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم بنانے، اور نجکاری کے لیے ایک منظم ٹائم لائن کی سفارش کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔کمیٹی نے اسے تفویض کردہ کاموں کی روشنی میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور آگے کی راہ پر تفصیلی غور و خوض کیا۔کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورز کے ملازمین کے لیے ایک منصفانہ اور مالی طور پر قابل عمل رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم کی تشکیل پر طویل بحث کی۔کمیٹی کے اراکین نے مجوزہ رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم کے مختلف جہتوں کا جائزہ لیا، بشمول اس کے متوقع سائز، ممکنہ مالیاتی اثرات، اور اس کے ڈھانچے اور رول آؤٹ سے منسلک قانونی اور آپریشنل مضمرات۔
کمیٹی نے سفارش کی کہ نجکاری کے بہترین ڈھانچے اور فزیبلٹی یا یوٹیلیٹی اسٹورز کے آپریشنز سے منسلک اثاثوں کی فروخت کے بارے میں نجکاری کمیشن سے مشورہ کیا جائے۔چیئر نے جامع تجزیہ کی سہولت کے لیے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی۔ذیلی کمیٹی مجوزہ رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم کے قانونی اور آپریشنل پہلوؤں، شکلوں، سائز اور ڈھانچے کا جائزہ لے گی اور ہفتے کے آخر تک اپنی رپورٹ مرکزی کمیٹی کو پیش کرے گی۔