
پلاسٹک بیگز تباہی کا سبب بنتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب روز بروز پلاسٹک فری ہونے کی جانب بڑھ رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پلاسٹک بیگ فری ڈے کے موقع پر ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلاسٹک بیگز روزمرہ زندگی میں وقتی آسانی ضرور فراہم کرتے ہیں، مگر یہ صدیوں تک ماحول میں موجود رہ کر تباہی کا سبب بنتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ انسان اپنی زمین، دریا، فضا، فصلوں اور صحت کو پلاسٹک کی آلودگی سے ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے، پلاسٹک بیگز نہ صرف زمین کی زرخیزی کو ختم کرتے ہیں بلکہ نکاسی آب کے نظام کو بند اور آبی حیات کو ختم کرنے کا سبب بھی بنتے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پلاسٹک کے مسلسل استعمال سے کینسر سمیت متعدد مہلک بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، پنجاب روز بروز پلاسٹک فری ہونے کی جانب بڑھ رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے پلاسٹک بیگز کے خاتمے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں ماحول دوست کپڑے اور کاغذ کی تھیلیوں کے استعمال کو فروغ دینا، مارکیٹوں اور فیکٹریوں میں ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروانا اور سکولوں اور کالجوں میں شعور و آگاہی کی مہمات شامل ہیں۔