
محرم الحرام: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی امن و امان کے لیے ہنگامی ہدایات
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محرم الحرام کے مقدس مہینے میں صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے ڈرون کیمروں کے استعمال پر مکمل پابندی کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دوسری جانب، پنجاب حکومت نے مذہبی منافرت اور فرقہ واریت پر مبنی آن لائن مواد کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی سیل بھی قائم کر دیا ہے، جو 24 گھنٹے فعال رہ کر سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر جاری مواد پر نظر رکھے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد محرم کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا فرقہ وارانہ کشیدگی کو بروقت روکنا ہے، تاکہ صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن و سکون کو برقرار رکھا جا سکے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل پنجاب حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے لیے سکیورٹی پلان بھی جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی، CCTV کیمروں کی تنصیب، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، اور سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ متعلقہ اداروں کو پلان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔