
پاکستان نے رواں ماہ کیلئے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے، نائب وزیراعظم
پاکستان نے رواں ماہ کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم نے صدارت ایسے وقت میں سنبھالی جب دنیا بڑھتے ہوئے تنازعات اور انسانی بحرانوں میں گھری ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کو مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل پر مبنی موثرلائحہ عمل کی طرف لے جانے کی کوشش کرے گا۔اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان جامع ،متوازن اور عملی اقدامات کیلئے اقوام متحدہ کے تما م رکن ملکوں کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ وہ کثیرالجہتی لائحہ عمل کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر امن و سلامتی برقرار رکھنے سمیت تنازعات کے پرامن حل اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کے درمیان تعاون کے حوالے سے رواں ماہ اعلیٰ سطح کے دو اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان بات چیت اور سفارت کاری کی مسلسل حمایت کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جولائی کیلئے سلامتی کونسل کی سرگرمیوںکے پروگرام کی تیاری میں شفاف، متوازن اور مشاورتی حکمت عملی اپنائی ہے۔