بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں اپنی نوعیت کے پہلے برن سمپوزیم کا انعقاد

ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں اپنی نوعیت کے پہلے برن سمپوزیم کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں جھلسنے سے متاثرہ افراد کی بروقت دیکھ بھال، ابتدائی طبی امداد اور جدید علاج کے طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ سمپوزیم میں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات سے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف، پیرامیڈیکل عملے اور میڈیکل طلباء نے شرکت کی۔

ماہرین کی جانب سے برن کے مریضوں کو فوری فرسٹ ایڈ فراہم کرنے، جھلسنے کی اقسام کی پہچان، برن سکورنگ، انفیکشن سے بچاؤ اور جدید ڈریسنگ تکنیکوں پر عملی تربیت دی گئی۔

اس موقع پر ماہرین کا کہنا تھا کہ برن کے مریض نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر بھی شدید متاثر ہوتے ہیں، اس لیے ان کی مکمل بحالی کے لیے ابتدائی 24 گھنٹے نہایت اہم ہوتے ہیں ایسے میں ہسپتال میں برن یونٹ کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے اور اسٹاف کو مسلسل تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سمپوزیم کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جو ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا کے مرکزی گیٹ سے شروع ہو کر مختلف شعبوں سے گزرتی ہوئی واپس مرکزی دروازے پر اختتام پذیر ہوئی۔

واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "فرسٹ ایڈ سیکھیں، زندگیاں بچائیں” اور "جلنے سے بچاؤ، احتیاط ضروری ہے” جیسے آگاہی نعرے درج تھے، جبکہ دوران واک شہریوں میں معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

اس مو قع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات کا مقصد عوامی شعور بیدار کرنا اور طبی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے، اور انشاءاللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

اشتہار
Back to top button