
امریکہ کے ایران پر حملوں سے تنازع بہت سے بے قابو ہوسکتا ہے، انتونیو گوتیرس
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ایرانی جوہری تنصیاب پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں یہ تنازع بہت تیزی سے بے قابو ہوسکتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے رد عمل میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے ایران پر امریکا کے حالیہ فضائی حملوں کو ’انتہائی تشویشناک‘ اور ’خطرناک‘ قرار دیا۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں یہ تنازع بہت تیزی سے قابو سے باہر ہو سکتا ہے، جس کے عام شہریوں، خطے اور دنیا کے لیے تباہ کن نتائج ہو سکتے ہیں۔
اپنی پوسٹ میں انتونیو گوتیرش کا کہنا تھا کہ میں ایران کے خلاف آج امریکا کے طاقت کے استعمال پر شدید تشویش میں مبتلا ہوں، یہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشیدگی کو کم کریں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور دیگر بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں۔مزید کہا کہ اس نازک لمحے میں ضروری ہے کہ افراتفری کے چکر کو روکا جائے اور اس مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے بلکہ آگے کا واحد راستہ سفارتکاری ہے اور واحد امید امن ہے۔