بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

عالمی امن تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے ،انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔اسرائیل ایران جنگ رکوانے کے لیے عالمی سفارتی کوششیں تیز کردی گئی ہیں، اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی امن تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے ، عالمی برادری پر بڑی ذمہ داری ہے ، اگر تنازع بڑھ گیا تو اس کو کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا ، تمام فریقین سے درخواست ہے کہ امن کو موقع دیں۔

سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ایران متعدد بار کہہ چکا ہے وہ نیوکلیئر ہتھیار نہیں بنارہا۔اس کے علاوہ چینی مندوب کا کہنا تھا کہ چین اسرائیل اور ایران کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے ، اسرائیلی حملے عالمی قوانین، ایران کی سالمیت اور خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں ، اسرائیل کی موجودہ کارروائیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی مندوب نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کی جائے ، اسرائیل ایران تنازع میں اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔اسرائیل نے ایران میں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی مندوب نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا ذمے دار ایران کو ٹھہرا دیا۔اُن کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری عزائم ترک کرنے چاہئیں ، ایران کو جوہری معاہدے پر رضامند ہونا چاہیے تھا۔

اشتہار
Back to top button