
اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر پہ در پہ حملے
اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر پہ در پہ حملے کیے ہیں جس کے بعد ایک اپارٹمنٹ سے آگ کے شعلے اٹھتے میلوں سے دکھائی دیے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تہران اور کرج شہر میں دھماکے سنے گئے ہیں۔اسرائیلی حکام نے تہران کے ڈسٹرکٹ 18 کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ علاقہ خالی کردیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تہران کے قریب آئل ریفائنریز پر نئے اسرائیلی حملے کی بھی اطلاع ہے۔
دوسری جانب ایرانی نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تہران کے قریب میزائل بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا،اکتوبر میں بھی اسرائیل نے اسی مقام کونشانہ بنایا تھا۔اس سے قبل منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایران نے وسطی اور شمالی اسرائیل پر آپریشن وعدہ صادق سوم کی دسویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے میزائل داغے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہےکہ 20 کے قریب ایرانی میزائل داغے گئے اور کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ تل ابیب، یروشلم اور شیرون میں میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں جہاں دھماکے سنے گئے ہیں۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ایران کے فتح میزائلوں نے اسرائیلی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا،اسرائیلی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہےکہ ایرانی سرزمین پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کیے جانیوالے اسرائیلی ائیر بیسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔