بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

روسی صدر کی ایران اور اسرائیل کو جنگ بندی کیلئے ثالثی کی پیشکش

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطہ کرکے جنگ روکنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔ روسی صدر نے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فون گفتگو کے دوران تہران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ولادی میر پیوٹن نے مسعود پزیشکیان کو بتایا کہ روس ’اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے‘ اور اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے افراد پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔دوسری جانب، روسی صدر نے اسرائیلی وزیرِاعظم سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مسائل کا حل صرف سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

پیوٹن نے نیتن یاہو سے گفتگو کے دوران ’بات چیت کے عمل کی طرف واپسی اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تمام مسائل کے حل کے لیے صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا‘۔

کریملن سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ روس، ایران اور اسرائیل دونوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا۔اس سے قبل، کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے اسرائیل اور ایران کے درمیان ’کشیدگی میں اضافے‘ کی مذمت کی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کے ایران پر حملے بلا اشتعال تھے اور انہوں نے مغرب کی ایران کے جوہری پروگرام پر تشویش کو کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

اشتہار
Back to top button