بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ایران نے جوابی کارروائی ’وعده صادق 3‘ کا آغاز کردیا، اسرائیل پر 150 سے زائد میزائل داغ دیئے

ایران نے جوابی کارروائی ’وعده صادق 3‘ کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کر دیے جس کے نتیجے میں اسرائیل کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں جب کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایک اسرائیلی خاتون ہلاک اور 63 اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 150 سے زائد ہائیپر سانک اور بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ایران کی جانب سے کیے گئے تازہ حملے میں تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز پر میزائل حملہ کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملوں میں اشددود، تل ابیب، حیفہ اور بیرشیبا میں اسٹریٹیجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی میزائل اور ڈرون تل ابیب تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جب کہ میزائل حملے آغاز ہیں، اسرائیل کا کوئی حصہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔اس سے قبل، ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر چوتھا حملہ کیا جس میں ایک میزائل تل ابیب کے عین وسط میں ہدف پر آکر گرا، تاہم ایران کی جانب سے داغے گئے زیادہ تر میزائل اسرائیل کے دفاعی نظام نے فضا ہی میں تباہ کردیے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل تل ابیب میں گرے ہیں۔

دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو روکنے کے لیے دفاعی نظام متحرک ہے جب کہ تمام شہریوں کو پناہ گاہوں کی طرف جانے کا حکم دیا گیا ہے۔علاہ ازیں، اسرائیلی فوج نے ایرانی حملوں سے تباہی کی فوٹیج بنانے پر پابندی عائد کردی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نئے ایرانی حملے میں تل ابیب میں 50 منزلہ عمارت کو نقصان پہنچا جب کہ اسرائیلی حکام نے شہریوں کو دوبارہ بنکرز میں جانے کی ہدایت کردی۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیل کے ایران پر اب تک کے سب سے بڑے حملوں کے بدلے میں سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی افواج کے ترجمان نے بتایا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف میزائلوں کی چوتھی لہر داغی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا کہ تھوڑی دیر پہلے صہیونی فوج نے ایران سے اسرائیل کی سرزمین کی طرف داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی ہے، مزید کہا کہ عوام کو محفوظ پناہ گاہوں میں داخل ہونا چاہیے اور اگلی اطلاع تک وہاں رہنا چاہیے۔اسرائیلی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی میزائل تل ابیب کے اندر ایک کمیونٹی پر گرا ہے، لیکن تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ترجمان نے بتایا کہ اس مرحلے پر، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم املاک کو نقصان پہنچا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اسرائیل کی ہنگامی خدمات کے سربراہ ایلی بن نے بتایا کہ ایران کی طرف سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں 7 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ادھر، مہر نیوز نے رپورٹ کیا کہ ایران نے ملک کے رہائشی اور فوجی علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔مہر نیوز نے اسرائیلی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی حملوں میں اب تک 63 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اشتہار
Back to top button