بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

بھارت کا مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ، 200 سے زائد ہلاکتیں

بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 200سے زائد مسافر ہلاک ہوگئے، شہری آبادی پر طیارہ گرنے کے بعد کئی زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی، انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا۔

برطانوی روزنامہ ’ دی گارجیئن ’ نے ڈپٹی کمشنر پولیس کنان ڈیسائی کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے میں اب تک 200 سے زائد مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے، طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

ٹائمز آف انڈیا نے احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس کو طیارہ حادثے میں ایک مسافر زندہ ملا ہے، سیٹ نمبر 11اے کا یہ مسافر ہسپتال میں ملا ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔

’ بھارت کے وفاقی وزیر صحت نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں ’بہت سے افراد‘ ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ریسکیو نے 30 لاشیں نکال لی ہیں، تاہم درجنوں افراد اب بھی اس عمارت میں موجود ہیں، جس سے طیارہ ٹکراکر تباہ ہوا، کئی زخمی زیر علاج ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں 242 افراد سوار تھے جن میں 217 بالغ اور 11 بچے تھے، ایئر انڈیا کے مطابق ان میں سے 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی، اور ایک کینیڈین تھا، مسافروں میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی شامل ہیں۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

اشتہار
Back to top button