بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

سرگودھا: عید قرباں کی آمد آمد، چھریوں اور ٹوکوں کو تیز کرنے کا کام جاری

قصائی ہو یا عام شہری، قربانی کے جانور کے لیے تیز چھری کی ضرورت سب کو ہوتی ہے۔ سرگودھا میں ایک ایسی دکان ہے جہاں کئی دہائیوں سے چھریوں اور ٹوکوں کو تیز کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔

عید قرباں قریب آتے ہی مویشی منڈیوں میں جہاں خریداروں کا رش لگ جاتا ہے، وہیں قصائی حضرات بھی اپنی تیاریوں میں مصروف نظر آتے ہیں۔ سرگودھا کے شربت والا چوک کے قریب واقع اس چھوٹی سی دکان پر عید قرباں سے کچھ دن پہلے گاہکوں کا تانتا بندھ جاتا ہے۔ ہر ہاتھ میں ایک تھیلی، اور اس میں چھریاں، ٹوکے ہوتے ہیں جنہیں تیز کروانے لایا جاتا ہے۔

دکاندار کے مطابق ویسے تو ہمارا سارا سال کا کام ہوتا ہے لیکن عید قریب آتے ہی بہت زیادہ رش لگ جاتا ہے، لوگ بہت دور دراز سے چھریاں ٹوکے تیز کروانے کے لیے آتے ہیں اور ہم کام بھی بہترین انداز میں کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ صرف قصائی ہی نہیں بلکہ عام شہری بھی اس دکان کا رخ کرتے ہیں تاکہ قربانی کے جانور کو بغیر تکلیف کے ذبح کیا جا سکے۔ گاہکوں کا کہنا ہے کہ شریعت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیز دھار اوزار ضروری ہوتے ہیں۔

اس دکان پر چھریاں ٹوکے تیز کروانے والوں کا رش عید والے روز تک جاری رہتا ہے جبکہ لوگ یہاں سے اپنے لیے انگیٹھیاں اور باربی کیو کے لیے سیخین بھی لے کر جاتے ہیں۔

اشتہار
Back to top button