
قوم پرستی کی سیاست سے بھارتی نوجوانوں کا مستقبل خطرے میں ہے، پاکستان
پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دھمکی آمیز بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی تقریر اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، بھارت کا پانی کو ہتھیار بنانے کا بیان عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دھمکی آمیز بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت عالمی عزائم سے پہلے اپنے ضمیر کا محاسبہ کرے، بھارت بیرون ملک قتل و غارت اور مداخلت میں ملوث ہے اور غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقوں میں ریاستی جبر کر رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی حکومت اقلیتوں پر مظالم اور نفرت انگیزی کو فروغ دے رہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری پر عمل کرے۔ترجمان دفترخارجہ نے خبردار کیا کہ قوم پرستی کی سیاست سے بھارتی نوجوانوں کا مستقبل خطرے میں ہے،بھارت امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔