
فیلڈر مارشل سید عاصم منیر کی آذر بائیجان کے وزیر دفاع سے ملاقات،دفاعی تعلقات بڑھانے کا عزم
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آذربائیجان کے وزیر دفاع سے ملاقات کی ہے جس میں دفاعی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ آذربائیجان کے دوران آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر اصغر اوگلو سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کو سراہا اور آذربائیجان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف محمد باگیری سے ملاقات کی تھی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، خاص دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں فوجی سطح پر تعاون بڑھانے، سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کیلئے طریقہ کار بہتر بنانے، سرحدی علاقوں کو تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے زونز میں بدلنے پر بھی غور کیا گیا۔