
وزیراعظم دو روزہ دورہ ترکیہ پر استنبول پہنچ گئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکی کے دو روزہ دورے پر استنبول پہنچ گئے۔وزیراعظم کے دورے کا مقصد حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے اصولی موقف کی ہر ممکن حمایت پر ترک عوام اور خاص طور پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کرنا ہے۔
وزیراعظم ترک صدر سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع، معیشت، سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔قبل ازیں استنبول ایئرپورٹ پہنچنے پر ترکی کے وزیر دفاع یاشار گلر، گورنر استنبول، پاکستان ترک کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر، ترکئی میں پاکستان کے سفیر، قونصل جنرل استنبول، ترک حکومت کے اعلیٰ حکام اور ترکی میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں نے ان کا استقبال کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔