
ایس ایل 10 کا فائنل کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائیگا
پی ایس ایل 10 کے فیصلہ کن مقابلے میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کل آمنے سامنے ہوں گی۔
فائنل کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا، جبکہ پیر، 26 مئی کو فائنل کے لیے ریزرو دن مقرر کیا گیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اتوار کے روز ہونے والے اس فائنل کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کا ایک دہائی پر محیط سفر بھی اختتام پذیر ہوگا۔
فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد یہاں تک پہنچی ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا تھا، اور اس کے بعد پہلی بار فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ رواں ٹورنامنٹ کے ابتدائی تین میچوں میں محض ایک کامیابی حاصل کرنے کے بعد کوئٹہ نے اگلے تمام چھ مکمل میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
کوالیفائر میں کوئٹہ نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
لاہور قلندرز، جو 2022 اور 2023 میں ٹائٹل جیت چکی ہے، اس مرتبہ پلے آف میں پہنچنے والی آخری ٹیم تھی۔ اس نے پہلے ایلیمنیٹر میں کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دی، اور پھر دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائٹڈ کو 95 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔
دونوں ٹیمیں متوازن کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کپتان سعود شکیل، رائلے روسو، حسن نواز، دنیش چندی مل اور فن ایلن پر مشتمل ہے، جبکہ بولنگ میں فہیم اشرف، محمد عامر، ابرار احمد، وسیم جونیئر، خرم شہزاد اور عثمان طارق شامل ہیں۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن میں فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، کوسال پریرا اور آصف علی شامل ہیں، جب کہ بولنگ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔ ان کے ساتھ حارث رؤف، سلمان مرزا، زمان خان اور رشاد حسین شامل ہیں۔
انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے اسلام آباد یونائٹڈ کے صاحبزادہ فرحان 449 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، تاہم لاہور کے فخر زمان 428 رنز کے ساتھ ان کا تعاقب کر رہے ہیں اور ان کے پاس ٹاپ اسکورر بننے کا سنہری موقع ہے۔
بولنگ کے شعبے میں لاہور کے شاہین شاہ آفریدی، کوئٹہ کے ابرار احمد اور فہیم اشرف 16، 16 وکٹیں لے چکے ہیں۔ وہ کراچی کنگز کے حسن علی اور عباس آفریدی (17 وکٹیں) کے قریب ہیں۔ لاہور کے حارث رؤف بھی اب تک 15 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔