
حنیف عباسی کا ریلوے کو مزید جدید بنانے کیلئے جرمن ماہرین کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کو مزید جدید بنانے کے لیے جرمن ماہرین کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وہ جرمن سفیر الفریڈ گراناس سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے پیر کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور صنعتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تفصیلی بات چیت کی۔
انہوں نے پاکستان ریلوے کی بہتری کے لیے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کی معیشتوں اور عوام کو فائدہ ہو۔اس موقع پر حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو نہ صرف بہتر انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا بلکہ مسافروں کو تیز رفتار اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے جدید تکنیکی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے جرمن سفیر کو گولڑہ ریلوے سٹیشن پر واقع تاریخی میوزیم کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔