بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارت کے میزائل حملے ناکام، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ

بھارت کا 3 ایئر بیسز پر حملہ، ایئر ڈیفنس سسٹم نے میزائل حملوں کو ناکام بنادیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان نے ایک ہنگامی پریس بریفنگ کے دوران انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی تین فضائی اڈوں پر میزائل حملے کیے، تاہم پاکستان کے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم نے ان حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا اور فضائیہ کے تمام اثاثے مکمل طور پر محفوظ رہے۔

ترجمان کے مطابق یہ میزائل حملے نورخان، مرید اور شورکوٹ ایئر بیسز کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے، جن میں فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل استعمال ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے پاس ان حملوں سے متعلق الیکٹرانک شواہد بھی موجود ہیں، جو بھارت کی جارحیت کو واضح کرتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کے اس اقدام کو شدید غیر ذمہ دارانہ اور "پاگل پن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھارت نے افغانستان کی سرزمین پر بھی میزائل فائر کیے ہیں اور ڈرون حملے کیے ہیں، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کو پاکستان کے جواب کا انتظار کرنا چاہیے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اس سے قبل بتایا کہ بھارت نے اپنے ہی ملک میں چھ بیلسٹک میزائل داغے، جن میں سے پانچ امرتسر اور ایک آدم پور کے علاقے میں گرے۔ ان میزائل حملوں کا ہدف سکھ برادری کی آبادی تھیں، جس پر پاک فوج نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کی اندرونی سازشوں کے باعث اقلیتیں، خصوصاً سکھ برادری، ظلم و ستم کا شکار ہو رہی ہیں، اور پاکستان ان کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی مقدس عبادت گاہ پر حملے کی بھی کوشش کی، جہاں چھ ڈرونز بھیجے گئے جنہیں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کا بھی ذکر کیا، جہاں انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان پر سخت دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت عالمی سطح پر بھی دہشت گردی میں ملوث پایا گیا ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ، کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں بھی تخریبی کارروائیوں میں اس کے روابط کے شواہد موجود ہیں۔ پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی فورسز براہِ راست دہشت گردوں کو ہدایات دیتی ہیں اور انہیں کارروائیوں کے لیے ٹاسک بھی دیتی ہیں۔

مزید برآں، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنے ہی علاقوں، خصوصاً پنجاب، میں میزائل فائر کرنے کے ثبوت جان بوجھ کر پیدا کیے تاکہ پاکستان کو بدنام کیا جا سکے اور بین الاقوامی سطح پر جارحیت کے لیے جواز بنایا جا سکے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب بھی بھارت نے امرتسر پر تین بیلسٹک میزائل داغے تھے، جس کا حوالہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں بھی دیا۔

اشتہار
Back to top button