
پہلگام میں 22 اپریل 2025ء کو سیاحوں پہ ہلاکت خیز حملے کے بعد جموں کشمیر میں نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع
اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پہلگام میں سیاحوں کا قتلِ عام آزادی پسند جموں کشمیر کے لوگوں کو نشانہ بنانے کا جواز گھڑنے کی خاطر کیا گیا
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ پہلگام میں 22 اپریل 2025ء کو سیاحوں پہ ہلاکت خیز حملے کے بعد جموں کشمیر میں نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران مشرق و مغرب ، جنوب و شمال ، بانڈی پورہ ، کپواڑہ ، زینہ پورہ شوپیاں ، بجبہاڑہ اسلام آباد اور ترال پلوامہ میں 5 نوجوانوں پہ پہلگام حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر اُن کے مکانات منہدم کئے گئے ہیں جبکہ دو ہزار کے لگ بھگ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے نوجوان بھارتی فوج کی جانب سے تباہ کئے گئے اپنے مکان کے ملبے پہ بیٹھ کر اللہ تبارک وتعالیٰ سے فریاد کر رہا ہے، میرا وجدان کہتا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف جنگ کی حماقت نہیں کرے گا اور نہ ایسا کرنے کا اس کا منصوبہ ہے ، بھارتی حکومت کی جانب سے پہلگام میں سیاحوں کا قتلِ عام آزادی پسند جموں کشمیر کے لوگوں کو نشانہ بنانے کا جواز گھڑنے کی خاطر کیا گیا ہے ، سو ، بھارتی حکومت ایسا ہی کر رہا ہے ، جموں کشمیر کے لوگوں اور خصوصاً مسلمانوں کو کاروبار کی تباہی ، مکانوں کی مسماری ، تشدد ، گرفتاریوں اور شہادتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسلامی تنظیم آزادی کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کو بدنام کرنے اور جموں کشمیر کے حریت پسند لوگوں کی آواز کو دبانے کے لئے سیاحوں کا قتلِ عام کیا لیکن اللہ رب العزت نے اُن کے شر سے خیر کا پہلُو نکالا ہے ، ایک بار پھر نہ صرف مسئلہ جموں کشمیر دُنیا کی توجہ کا مرکز بن چُکا ہے بلکہ بھارت کے مظالم بھی دُنیا پہ آشکارا ہو رہے ہیں ، بھارت کی بڑھکیں اپنی جگہ مگر حقیقت میں وہ بُری طرح پھنس چُکا ہے ، سندھ طاس معاہدہ زبانی طور پہ تو ختم ہو چُکا مگر پاکستان کا پانی روکنے کے لئے کئی عشرے کا وقت اور اربوں ڈالر سرمایہ درکار ہے ، دُوسری جانب مملکت خدا داد پاکستان کی جانب سے بھارت کی فضائی راہداری بند کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی بھارتی پروازیں طویل مسافت طے کرنے پہ مجبور ہیں جس سے بھارت کو خاطر خواہ نقصان ہو رہا ہے ، پاکستان کے لئے ایک بہترین موقع ہے جس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے۔