
پی ایس ایل 10، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو با آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں یونائیٹڈ نے 129 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ ٹم سیفرٹ 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ عباس آفریدی نے آخر میں صرف 9 گیندوں پر 24 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور کچھ بہتر کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان، جیسن ہولڈر اور نسیم شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پراعتماد انداز میں ہدف کا تعاقب کیا۔ کپتان شاداب خان نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ صاحبزادہ فرحان نے 18 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ حسن علی نے کراچی کنگز کے لیے دو وکٹیں حاصل کیں، مگر وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 129 رنز کا ہدف 17 گیندیں قبل حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر اہم کامیابی سمیٹی۔