
چینی صدر کی مشترکہ مستقبل کے حامل چین۔ ملائیشیا معاشرے کے قیام کے لئے 3 نکاتی تجاویز
چین کے صدر شی جن پھنگ نے مشترکہ مستقبل کے حامل ایک اعلیٰ سطح کے تزویراتی چین۔ ملائیشیا معاشرے کے قیام کے لئے 3 نکاتی تجاویز پیش کی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم سے ملاقات کے دوران کیا۔سب سے پہلے شی جن پھنگ نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تزویراتی آزادی کی پاسداری کریں اور اعلیٰ سطح کی تزویراتی ہم آہنگی کو آگے بڑھائیں۔شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور ملائیشیا دونوں خود انحصاری اور طاقت کو برقرار رکھتے ہیں اور بیرونی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے قومی حالات کے مطابق ترقیاتی راستوں پر گامزن رہنے، خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ میں ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرنے اور اپنے مستقبل کو مضبوطی سے اپنے ہاتھوں میں رکھنے کے لئے مل کر کام جاری رکھنا چاہئے۔شی جن پھنگ نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ سفارت کاری اور قومی دفاع پر "2+2” مکالمے کا طریقہ کار قائم کریں تاکہ قومی سلامتی، دفاع اور قانون کے نفاذ پر تبادلوں اور تعاون کو مضبوط کیا جا سکے۔شی جن پھنگ نے کہا کہ دوسرا، چین اور ملائیشیا کو ترقی کے لئے ہم آہنگی پیدا کرنی چاہئے اور اعلیٰ معیار کے ترقیاتی تعاون کے لئے ایک نمونہ قائم کرنا چاہئے۔شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو ڈیجیٹل معیشت، ماحول دوست معیشت ، سمندری معیشت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) جیسے جدید شعبوں میں ترقی کو فروغ دینے اور صنعتی چینز، سپلائی چینز، ویلیو چینز، ڈیٹا چینز اور ٹیلنٹ چینز میں مربوط ترقی کو مضبوط بنانے میں مل کر کام کرنا چاہئے۔تیسرا، شی جن پھنگ نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ نسل در نسل اپنی دوستی کو آگے بڑھائیں اور دونوں تہذیبوں کے مابین تبادلوں اور ایک دوسرے سے سیکھنے کے عمل کو مضبوط کریں۔انہوں نے کہا کہ باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے کے ساتھ دونوں فریقین کو سیاحت، نوجوانوں اور ذیلی قومی تبادلوں کو بھرپور طریقے سے فروغ دینا چاہئے اور ثقافت، تعلیم، کھیلوں، فلم اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنا چاہئے تاکہ لوگوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دیا جاسکے اور روایتی دوستی کو آگے بڑھایا جا سکے۔چینی صدر نے کہا کہ چین پانڈا کے تحفظ پر ملائیشیا کے ساتھ مشترکہ تحقیق جاری رکھنے کے لئے تیار ہے۔وزیراعظم انور ابراہیم نے صدرشی جن پھنگ کے ملائیشیا کے دورے کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین طویل عرصے سے خلوص نیت سے ملائیشیا کی مدد کر رہا ہے، مشکل وقت اور مشکل حالات میں دکھ درد میں شریک ہے اور ملائیشیا کا قابل اعتماد دوست ہے۔انورابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا کے عوام چین اور صدر شی جن پھنگ کی تعریف کرتے ہیں۔