
حکومت پنجاب شعبہء تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ڈاکٹر محمد قیوم خان
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈسٹرکٹ خوشاب ڈاکٹر محمد قیوم خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب شعبہ ء تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز نورپور تھل میں آفیسرز اور ہیڈ ماسٹرز کی میٹنگ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سکولز خوشاب یاسین ساجد ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز زنانہ خوشاب امانت خاتون ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپورتھل ظہیر عباس بھٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی ای او افس ملک احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈاکٹر محمد قیوم خان نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی خوف خداوندی کے تحت سر انجام دیں اور نونہالان وطن کی بھرپور تعلیم و تربیت کے لیے ہرگز کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کے تساہل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا البتہ محنتی اور فرض شناس اساتذہ کرام اور ہیڈ ماسٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے پیش نظر ہر سکول داخلہ کے مقررہ ہدف کے حصول کو یقینی بنائے اس سلسلہ میں تمام ایجوکیشن آفیسرز کو ضروری ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں کوالٹی آف ایجوکیشن ، سکولوں کی تزئین و آرائش ، اینٹی ڈینگی ایکٹیوٹی اور شجر کاری مہم سمیت ای سی سی رومز میں مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈاکٹر قیوم خان نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے فی الوقت تحصیل نورپورتھل کے سرکاری تعلیمی ادارے مقررہ اہداف کے حصول میں نمبر ون پر جا رہے ہیں جس پر یہاں کے جملہ ْفیسرز ،ہیڈ ماسٹرز اور ان کی پوری ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ دوران تقریب سی ای او ایجوکیشن اور دیگر ْفیسرز نے سولر سسٹم کی تنصیب کرنے والے ہائی اور ایلیمنٹری سکولز کے ہیڈ ماسٹرزمیں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔ نقابت کے فرائض اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رنگپور بگھور ملک محمد امتیاز نسیم نے بطریق احسن سر انجام دیے۔ میٹنگ کے انعقاد کے لیے ہیڈ ماسٹر ادارہ ہذا شیخ حافظ محمد عبدالروف کی طرف سے خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔