
قونصل جنرل کی نیویارک میں پاکستان ورثے اوریوم قرارداد کی تقریب میں شرکت
نیو یارک میں پاکستان کے قونصل جنرلAamer Ahmed Atozai نے نیویارک محکمہ پولیس کی پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی کے زیر اہتمام پاکستان ورثے اور یوم قرارداد کی تقریب میں شرکت کی۔قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں نیو یارک اور اس کی ہمسائیگی میں امن و سلامتی کے استحکام میں پاکستانی نژاد امریکی افسران کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے پبلک سروس اور انسانی خدمت کے حوالے سے افسران کی لگن اورکاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کے ورثے کے حوالے سے نیو یارک میں دن منانے کے اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا حقیقی سفیر قرار دیا جنہوں نے ثقافتی ورثے کے حوالے سے اتحاد، مضبوطی اور قومی فخر کی مثال کا مظاہرہ کیا ۔تقریب میں نیو یارک کے میئر ایرک ایڈمز، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، پولیس کمشنر، ڈپٹی کمشنر، پاکستانی امریکن پولیس آفیسرز اور ان کے اہل خانہ اور پاکستانی امریکن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔