
وزیرداخلہ کی انسانی سمگلرز کے خلاف ملک گیرکارروائی کی ہدایت
وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف ملک گیر کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ آج (منگل) اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار راجہ اور سائبر کرائم کے قومی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل وقار الدین سید سے بات چیت کر رہے تھے۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو غیر قانونی امیگریشن کے خلاف مؤثر حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک سے غیر قانونی عناصر اور منظم جرائم کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔محسن نقوی نے سائبر کرائمزکے قومی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو خصوصی تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوا کر سائبر کرائم کے قومی تحقیقاتی ادارے کی استعداد کار بہتر بنائی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ انسانی سمگلر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔